پولیس ترجمان نے بیان میں کہا کہ شکیلہ بانو کو سب ضلع اسپتال ترال سے شری مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال سری نگر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے کہا کہ وہ گولی لگنے سے زخمی ہوئی ہے۔
جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال کے در گنائی گنڈ علاقے میں دوران شب ایک خاتون کو مبینہ طور پر گولی لگنے سے زخمی ہونے کے واقعے میں پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قصبہ ترال کے در گنائی گنڈ علاقے میں شکیلہ بانو زوجہ غلام نبی لون نامی ایک خاتون دوران شب گولی لگنے سے زخمی ہوگئی جس کو شوہر اور سسرال والوں نے علاج و معالجے کے لئے نزدیک میں واقع ایک اسپتال آری پل پہنچایا جہاں سے اس کو سب ضلع اسپتال ترال ریفر کیا گیا۔
بیان کے مطابق مذکورہ خاتون کے شوہر نے راز کو پوشیدہ رکھتے ہوئے ڈاکٹروں سے اپنی بیوی کی بیماری پیٹ میں درد اور عارضہ قلب بتایا۔ پولیس ترجمان نے بیان میں کہا کہ شکیلہ بانو کو سب ضلع اسپتال ترال سے شری مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال سری نگر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے کہا کہ وہ گولی لگنے سے زخمی ہوئی ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی آری پل پولیس چوکی کی ایک ٹیم مذکورہ خاتون کے سسرال پہنچی جہاں انہوں نے تلاشی کے دوران ایک گولی برآمد کی۔ بیان میں کہا گیا کہ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
