دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں دھماکے کے وقت چینی سفیر ہوٹل میں موجود نہیں تھے ،واقعہ میں کوئی چینی شہری متاثر نہیں ہوا
اسلام آباد (وقائع نگار) حکومت چینی باشندوں کی حفاظت یقینی بنا رہی ہے ،بھارت کے ساتھ تمام دیرینہ مسائل نتیجہ خیز بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے خواہاں ہیں، بات چیت کیلئے بنیادی مسئلہ کشمیر پر بات چیت ضروری ہے ۔صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاکستان اور چین تمام موسموں کے شراکت دار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کو سعودی ولی عہد کی طرف سے دورہ سعودی عرب کی دعوت دی گئی ہے ، وہ جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے تاہم ابھی دورے کی تاریخیں طے ہونا باقی ہیں۔انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی تمام بنیادی آزادیاں سلب ہیں اور وہ مسلسل خوف اور دہشت کی فضا میں زندگی گزار رہے ہیں۔انکاکہنا تھا کہ بھارت ، اپنے جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے پر پاکستان کو نہ بند گلی میں دھکیل سکتا ہے اور نہ ایسا ممکن ہے ، جبکہ بھارت کو بارہا کلبھوشن کے لئے قانونی نمائندگی فراہم کرنے کا کہا ہے ۔زاہد حفیظ نے کہا کہ افغان تنازع کے سیاسی حل پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان کی کوششوں سے بین الافغان مذاکرات ممکن ہوئے ، پاکستان نے ہمیشہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے ذمہ دارانہ انخلا کی بات کی جبکہ امریکی افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں سکیورٹی خلا پیدا نہیں ہونا چا ہئے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں اصلاحات، ایک جاری عمل ہے ، ان اصلاحات میں قانونی آئینی ،انتظامی و سیاسی اصلاحات شامل ہیں، یہ اصلاحات عوام کے دیرینہ مطالبے پر کی جارہی ہیں۔
