ممتاز کاروباری شخصیت اور کشمیری رہنما راجہ جاوید نے کہا کہ برطانیہ اور یورپ کی سیاست میں کردار ادا کر کے ہی پاکستان کا نام اور مقام بلند کیا جاسکتا ہے، جس سے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ برطانیہ میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے مقامی سیاست میں کردار ادا کر کے اپنا اور اپنے ملک کا نام اور مقام بلند کیا ہے، بالکل اسی طرح جیسے اولڈ ہم سے سابق لارڈ میئر عتیق الرحمٰن نے کمیونٹی کی فلاح وبہبود کے لیے کام کیا اور ملک و قوم کی بہتر انداز میں خدمت کی ،عوام کے ساتھ ہمیشہ برادرانہ رابطہ رکھا اور ان کے مسائل حل کرنے میں ہمیشہ دلچسپی لی ،راجہ جاوید نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں عتیق الرحمٰن ایک مرتبہ پھر کونسلر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں اور ہمیں قوی امید ہے کہ عتیق الرحمٰن پہلے سے زیادہ اکثریت سے کامیاب ہوں گے کیونکہ آپ نے ہمیشہ عوام کی نبض پر ہاتھ رکھا اور ان کی داد رسی کی اور کبھی ان کی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹے، دن رات مدد کے لیے آگے رہے، انہوں نے حکومت پاکستان سے بھی اپیل کی کہ عتیق الرحمٰن جیسی شخصیات کی حوصلہ افزائی کریں، انھیں صدارتی ایوارڈ سے نوازیں کیونکہ ان کی بے لوث خدمات نے پاکستان کو ہر سطح پر اجاگر کیا اور ملک وقوم کا نام روشن کیا ہے، بالخصوص مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کی اور بھارت کو بے نقاب کیا۔
برطانوی سیاست میں کردار سے مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد ملے گی،راجہ جاوید
