انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں کے خلاف عالمی عدالت بھی جانا ہوگا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں کشمیر سوسائٹی کے زیر اہتمام ویبینار سے خطاب
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)ہائوس آف لارڈز برطانیہ کے سابق ممبرلارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں اورکشمیریوں کی نسل کشی کا ارتکاب کررہا ہے ۔عالمی برادری بربریت بند کرا ئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں کشمیر سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر و یبینار سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ ویبینار میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی، طلبا اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ لارڈ نذیر کا کہنا تھا کہ بھارت کے کشمیر میں جاری مظالم کو نہ صرف بے نقاب کرنا چاہئے بلکہ بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسکے خلاف مقدمہ بھی چلایا جانا چاہئے ۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیر کے حل کے لئے علامتی اجتماعات کو عوامی تحریک میں تبدیل کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ جی سی یو رواں سال سینٹر فار ایکسی لینس ان کشمیر سٹڈیز قائم کرے گا جہاں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق اعداد و شمار مرتب کریں گے ۔ ویبینار سے چیئرمین انٹرنیشنل کشمیر رائٹس کمیشن آف پاکستان رائے محمد نواز کھرل، ماہر تعلیم پروفیسر ظفر اقبال سندھو، تہمینہ شیخ اور ڈور آف اویئرنس کی بانی روبا ہمایوں نے بھی خطاب کیا۔
