کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں ،شمولیت کے بغیر مذکرات بے معنی ہونگے،چوہدری عبدالمجید بھارت نے جموں وکشمیر پر غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے ،کشمیری بھارت کو نکالنے تک جدوجہد ختم نہیں کریں گے پیپلزپارٹی منشور کے مطابق مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے ملکی وبین الاقوامی سطح پرمہم جاری رکھے گی بھارت کی 7لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہی ہے ،عالمی برادری نوٹس لے ،گول میز کانفرنس سے خطاب
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں ان کی شمولیت کے بغیر مذکرات بے معنی ہوں گے بھارت نے جموں وکشمیر پر غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے کشمیری بھارت کو نکالنے تک جدوجہد ختم نہیں کریں گے پاکستان پیپلزپارٹی اپنے منشور کے مطابق مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے ملکی وبین الاقوامی سطح پرمہم جاری رکھے گی۔
بھارت کی 7لاکھ افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہی ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے وہ منگل کے روز یہاں کشمیر ہاؤس میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر کے حل کے متعلق گول میز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے گول میز کانفرنس کی صدارت مقبوضہ کشمیر سے آئے ہوئے سینئر حریت رہنما محمد سلیم گیلانی نے کی جبکہ کانفرنس کے مہمان خصوصی سنیٹر ومسلم لیگ ن کے صدر راجہ ظفرالحق نے کی کانفرنس سے صدر ریاست سردار محمد یعقوب خان،مسلم لیگ ن کے ترجمان وسنیٹر مشاہد اﷲ،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ،جنرل (ر) حمید گل،ایم کیو ایم کے محمد انیس،پاکستان تحریک انصاف کے محمد علی،امیر جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر عبدالرشید ترابی،مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل شاہ غلام قادر،حریت رہنماؤں غلام محمد صفی،عبدالحمید لون،الطاف ڈار،شیخ تجمل السلام،غلام نبی نوشہری،اینکر پرسن طلعت حسین سمیت درجنوں رہنماؤں نے خطاب کیا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ آزادکشمیر حکومت تحریک آزادی کشمیر کو ملکی وبین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں جن کی شمولیت کے بغیر کوئی بھی مذکرات بے معنی ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی اور کشمیری قوم کشمیریوں کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کے لیے متحد ومتفق ہیں بھارت کی قیادت نے کشمیریوں کو حق خودارادیت عالمی سطح پر تسلیم کررکھا ہے اور اب وہ تاخیری حربے استعمال کرکے کشمیرپر قبضہ کرنا چاہتا ہے مگر غیور کشمیری عوام بھارت کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی راجہ ظفرالحق نے کہاکہ کشمیری ہی مسئلہ کشمیر کے اولین فریق ہیں ہم وہی قبول کریں گے جو فیصلہ کشمیری عوام کریں گے۔بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کا حق خودارادیت تسلیم کرچکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہے نہرونے 1956میں شیخ عبداﷲ کے ذریعہ ریاست کا الحاق بھارت سے کرانے کی جوکوشش کی تھی وہ اقوام متحدہ نے اپنی 1957کی قرارداد کے مطابق غیر آئینی،غیر قانونی قراردی تھی اور قرارداد میں کہا تھا کہ کشمیری عوام کہ حق خودارادیت کو کسی بھی طرح ختم نہیں کیا جاسکتا اور مقبوضہ کشمیر میں انتخابات حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتے۔
