ہمارے ہاں بہت سے لوگوں کے لیے یہ بات حیرت اور تشویش کا باعث ہوگی کہ جب پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزرائے خارجہ کونسل کی کانفرنس میں مسئلۂ کشمیر پر بات ہورہی تھی اسی دوران بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں ایک سرمایہ کاری کانفرنس میں ہانگ کانگ کے علاوہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وفود نے بھی شرکت کی۔ چار روز تک جاری رہنے والی اس کانفرنس میں صرف یو اے ای کی مختلف کمپنیوں کے جو نمائندے شریک ہوئے ان کی تعداد چھتیس تھی۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والے وفود کو سرمایہ کاری کرنے کے لیے دو ہزار ایکڑ جگہ مہیا کی گئی ہے جبکہ مزید چار ہزار ایکڑ زمین فراہم کرنے کا منصوبہ زیرِ غور ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں اب تک تقریباً پونے تین کھرب (بھارتی) روپے کی سرمایہ کاری کے لیے بھارتی حکومت کی اجازت کے بعد تمام معاملات طے پاگئے ہیں۔ مقبوضہ وادی کے گورنر منوج سنہا نے کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہ’ اس سال کے آخر تک کشمیر میں 70 ہزار کروڑ روپے (سات کھرب روپے) کی بیرونی سرمایہ کاری کا ہدف پورا کیا جائے گا‘۔ اس موقع پر گورنر نے یہ بھی کہا کہ ’وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت اور متحدہ عرب امارات کی دوستی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے‘۔
ٹک ٹاک کا نئے فیچر کا اعلان
سعودی عرب اور یو اے ای اس بات سے اچھی طرح واقف ہیں کہ جموں و کشمیر کا مقبوضہ علاقہ پاکستان کے لیے کیا اہمیت رکھتا ہے۔ وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ بھارت نے جس علاقے پر غیر قانونی قبضہ کیا ہے وہ 5 اگست 2019ء کو مودی سرکار کی طرف سے بھارت دستور کی شق 370 اور 35 اے کے خاتمے کے باوجود بین الاقوامی برادری اور عالمی اداروں کی نظر میں ایک متنازع علاقہ ہے، اور اس مسئلے کے حل کے لیے پاکستان اقوامِ متحدہ اور او آئی سی سمیت ہر بین الاقوامی فورم پر بات کرتا رہتا ہے۔ او آئی سی کی اسلام آباد میں ہونے والی حالیہ کانفرنس میں بھی وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کا حوالہ دے کر کہا کہ ان دونوں علاقوں کے حوالے سے ہم ناکام ہوچکے ہیں۔ مقبوضہ وادی کے ساتھ جڑی حساسیت سے باخبر ہونے کے باوجود پاکستان کے بظاہر دوست ممالک کا اس علاقے میں بڑی سرمایہ کاری کرنا افسوس ناک ہے کیونکہ اس سرمایہ کاری سے بھارتی سرکار کے ہاتھ مضبوط ہوں گے اور اس مقبوضہ علاقے پر اسے اپنا غیر قانونی تسلط مزید مستحکم بنانے کا موقع ملے گا جو پاکستان کے لیے کسی بھی طور قابلِ قبول نہیں ہوسکتا۔
3 نیوکلیئر پاور پلانٹس ٹرپ کرنے سے ملک کے مختلف شہروں میں لوڈ شیڈنگ
حالیہ سرمایہ کاری کانفرنس کے علاوہ رواں سال جنوری میں مقبوضہ وادی کی گورنر انتظامیہ اور یو اے ای کی مختلف کمپنیوں کے درمیان صنعتی منصوبوں پر تیس ارب (بھارتی) روپے کی سرمایہ کاری کے لیے معاہدے طے پائے تھے۔ سرینگر سے دبئی کے لیے ایئر انڈیا ایکسپریس کی براہِ راست پروازوں کا سلسلہ فروری 2009ء میں شروع ہوا تھا جو کچھ عرصہ جاری رہنے کے بعد مسافروں کی کم تعداد کے باعث بند ہوگیا۔ اکتوبر 2021ء میں ایک اور بھارتی فضائی کمپنی گو فرسٹ نے سرینگر اور شارجہ کے مابین پروازوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ اس سلسلے میں یہ بات اہمیت کی حامل ہے کہ پاکستان نے ان پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد پروازوں کا روٹ تبدیل کرنا پڑا۔ مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی پلیٹ فارم ٹوئٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 2009-10ء میں ایئر انڈیا ایکسپریس کی سرینگر سے دبئی جانے والی پروازوں سے متعلق بھی ایسا ہی کیا تھا۔ مجھے امید تھی کہ پاکستان کی طرف سے گو فرسٹ کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت ملے گی تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ رشتوں کے معاملے میں برف پگھلنے لگی ہے لیکن افسوس ایسا نہیں ہوا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا، تحریک عدم اعتماد ایجنڈے میں شامل
چند مہینے پہلے دبئی کی حکومت نے بھارتی سرکار کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں انفراسٹرکچر کی تعمیر سے متعلق بھی ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس سلسلے میں اماراتی کمپنی ڈی پی ورلڈ کے چیئرمین سلطان احمد بن سلیمان نے سرینگر کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم جموں و کشمیر کو بھارت کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ہم جانتے ہیں یہ کیسے کرنا ہے، ہم جانتے ہیں کہ رکاوٹیں کیا ہیں‘۔ اس موقع پر سلطان احمد نے یہ بھی کہا تھا کہ ان کی کمپنی کی طرف سے کی جانے والی سرمایہ کاری مودی سرکار کے ’میک اِن انڈیا‘ اقدام کا حصہ ہوگی۔ اس سلسلے میں اہم بات یہ ہے کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد مقبوضہ علاقے میں کسی بھی غیر ملکی حکومت کی جانب سے سرمایہ کاری کے لیے یہ پہلا معاہدہ تھا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ آج (جمعرات کو) ہو گا
عرب ممالک میں بھارت کا بڑھتا ہوا اثر و رسوخ پاکستان کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہونا چاہیے۔ خصوصاً مقبوضہ کشمیر میں ان ممالک کی سرمایہ کاری ایک ایسا معاملہ ہے جس پر پاکستان کو بہت زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ جموں و کشمیر ہمارے لیے صرف جغرافیائی حدود میں واقع ایک علاقے کی حیثیت نہیں رکھتا۔ اس حوالے سے ہمیں اپنی خارجہ پالیسی کا بھی باریک بینی سے جائزہ لینا چاہیے تاکہ ان عوامل کی نشاندہی کی جاسکے جو عرب ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات کے فروغ کے راستے میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ عرب ممالک کے ساتھ ہمارے تعلقات صرف یک طرفہ ضرورتوں پر مبنی نہیں ہیں، اگر ہمیں اپنے مختلف مسائل کے حل کے لیے ان کی ضرورت پڑتی ہے تو کئی معاملات میں ان کا انحصار بھی ہم پر ہوتا ہے۔ ہمیں یہ بھی یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ بین الاقوامی سطح پر دو طرفہ ضروریات ہی مختلف ممالک کے درمیان تعلقات کی نوعیت اور سطح کا تعین کرتی ہیں۔
