صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عالمی تنظیمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ملاقات کی جس میں عارف علوی نے کہا کہ ایوان صدر وزارت امور کشمیر سے رابطے اور مشاورت کے بعد آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اراکین اور دیگر سیاسی نمائندوں کو مدعو کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے بے گناہ مسلمانوں کیخلاف بھارتی مظالم کو اجاگر کیا جائے گا۔ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر نے صدر مملکت سے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کیلئے مناسب بجٹ مختص کرانے کی درخواست کی۔ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی و خوشحالی اور کشمیری مہاجرین کی بڑھتی ضروریات کے پیشِ نظر مناسب بجٹ مختص کرنے کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں صدر مملکت نے حریت رہنما یاسین ملک کو عمر قید سزا کی بھی مذمت کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور اقوام متحدہ کشمیر میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کیخلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔
عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف وزیوں کا نوٹس لیں: صدر مملکت
