سپورٹ کشمیر (نامہ نگار )گزشتہ روز سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کی میزبانی میں ایران کے شہرقم المقدس میں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی کے حوالے سے ایک نشست کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں مسئلہ فلسطین کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر جہاں فلسطینی شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی وہیں حماس اور غزہ کے حوالے سے پاکستانی میڈیا اور خواص کے کردار پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ حاضرین نے اس موقع پر فلسطینیوں کے خلاف ہونے والے مختلف پروپیگنڈوں اور اسلامی ممالک کے سکوت پر تعجب کا اظہار کیا۔
فورم کے سیکرٹری جنرل نذر حافی نے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کرنا اور حقائق کو بیان کرنا یہ انسانی شرافت اور عدل و انصاف کا تقاضا ہے جبکہ ظلم پر خاموش رہنا یہ ظالموں کی مدد اور عدل و انصاف کا قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ غزہ کے حالات اور طوفان الاقصی کی درست نقشہ کشی کرنا یہ صاحبانِ قلم اور بیان کی اوّلین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پاکستانی میڈیا پرسنز اور علما و خطبا سے اس سلسلے میں نمایاں کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔
