سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم: 13 جولائی 1931ء کے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے پاسبان حریت جموں کشمیر اور انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے زیراہتمام آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق ریلی کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر درج تحاریر میں شہدائے کشمیر کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ریلی میں شریک لوگوں نے ”شہدائے کشمیر کو سلام ہو سلام ہو، شہدائے 13 جولائی زندہ باد زندہ باد، خون رنگ لائے گا انقلاب آئے گا“ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی کی قیادت چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی، حریت راہنما مشتاق الاسلام، پیپلز پارٹی کے راہنما شوکت جاوید میر، ڈاکٹر محمد منظور، عثمان علی ہاشم، عبدالحمید لون، فیصل فاروق شیخ، منظور احمد شیخ کر رہے تھے۔ مقررین نے ریلی کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کے سپاہیوں نے 13 جولائی 1931ء کو سرینگر میں 22 کشمیریوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔ شہید ہونے والے یہ عام شہری تھے جو نماز ظہر کی اذان دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیان کشمیر نے آج سے 94 سال قبل ڈوگرہ سامراج کے سامنے اللہ کی کبریائی بیان کرتے ہوئے شہادت کا منصب حاصل کیا۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری 13جولائی کے شہداء سمیت دیگر لاکھوں شہداء کی مقدس قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کرام کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم بھارتی فوجی تسلط، جبری قبضے، ناانصافیوں اور مسلح جارحیت کے خلاف بھرپور مزاحمت مقصد کے حصول تک جاری رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
یوم شہدائے کشمیر پر مظفر آباد میں ریلی نکالی گئی
