سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم نیوز: آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ بھارت کو جلد یا بدیر کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہی ہو گا اور اب مسئلہ کشمیر کے حل کا وقت قریب آ گیا ہے اب یہ اقوام عالم کی ذمہ داری ہے کہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم و بربریت کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری طور پر کشمیر کا مسئلہ حل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجاہد منزل راولپنڈی میں مسلم کانفرنسی کارکنان و عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ بھارت نے اس عرصہ کے دوران کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق، حق خودارادیت سے محروم رکھنے کیلئے ظلم و ستم کی انتہا کر رکھی ہے۔ نہتے کشمیری عوام بھارتی ظلم و جبر کے سامنے سینہ سپر ہیں اور تشویش کی بات یہ ہے کہ انسانی حقوق کے علمبردار عالمی اداروں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی موجودگی میں کشمیری مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے۔ صدر مسلم کانفرنس نے اس موقع پر بین الاقوامی طاقتوں، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں سے پر زور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت کی طرف سے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کا نوٹس لیں اور انہیں ان کی مرضی سے جینے کا حق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اُنہوں نے اس موقع پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف برسرپیکار جرات مند کشمیری مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ہم ہمیشہ کی طرح کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر فورم پر اُن کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ہمیں یقین ہے کہ کشمیری شہداء کا خون ضرور رنگ لائے گا، ظلم کی طویل داستان اپنے انجام کو پہنچے گی اور کشمیری مسلمان حق خودارادیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
مسئلہ کشمیر کے حل کا وقت قریب آ گیا ہے، سردار عتیق
