سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم: کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں و کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض بھارتی فورسز نے محاصروں اور تلاشی کی بلاجواز کارروائیوں کے ذریعے علاقے میں خوف و دہشت کا راج قائم کر رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے جبر و استبداد کی کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کا جینا دو بھر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض فورسز کیطرف سے حریت رہنماﺅں اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو بڑے پیمانے پر ہراساں کیا جاتا ہے، بے گناہ کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل، گرفتاریاں، کشمیری ملازمین کی برطرفی اور شہریوں کی جائیدادوں کی ضبطگی معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کو دبانے کے لیے جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے وکلاء کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ان تمام لوگوں کو خاموش کرانا چاہتا ہے جو اس کی جابرانہ پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ آزادی کی تحریکوں کو جابرانہ ہتھکنڈوں سے ہرگز دبایا نہیں جا سکتا، کشمیریوں کے حوصلے بھی بلند ہیں اور وہ شہداء کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیں اور بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں پر جاری وحشیانہ مظالم کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ترجمان نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں خوف و دہشت کا راج قائم کر رکھا ہے، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی
