Input your search keywords and press Enter.

دشمن کے سامنے قوت سے ڈٹے رہنے پر کنٹرول لائن کے باغیرت، جراتمند لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، چوہدری انوارالحق

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم نیوز: وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ دشمن کے سامنے قوت سے ڈٹے رہنے پر کنٹرول لائن پر بسنے والے باغیرت،جراتمند لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی، بیس کیمپ کو بزنس کیمپ میں تبدیل، سیاست کے پیغمبری پیشہ کو کاروباری بنا دیا گیا، ہمیں اپنی اصلاح کرنا ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے وزیر حکومت ظفر اقبال ملک کی جانب سے منعقدہ بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ وزیراعطم نے کہا کہ تتہ پانی کے لوگوں کے خلوص اور اپنے بھائی ظفر اقبال ملک کا مشکور ہوں، کنٹرول لائن پر بسنے والے باغیرت اور جرات مند لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یہ دشمن کے سامنے پوری قوت سے ڈٹے ہوئے ہیں۔ ہم جب تک مقبوضہ کشمیر کو بھارت سے آزاد نہیں کروا لیتے ہماری جدوجہد جاری رہے گی، ہمارے آباو اجداد نے اس ریاست کی بنیاد اصول پر رکھی، اس بیس کیمپ کو بزنس کیمپ میں تبدیل کیا گیا، سیاست جو پیشہ پیغمبری تھا کاروبار بنا دیا گیا، ہمیں اپنی اصلاح کرنا ہوگی، پاکستان اور کشمیر کا بنیادی رشتہ لا الہ الااللہ محمد رسول اللہ ہے یہ رشتہ کسی کا باپ بھی تبدیل نہیں کر سکتا، ایک مودی کیا کیا ہزار مودی بھی اس رشتے کو تبدیل نہیں کر سکتے۔ ایک عرصے تک وزیراعظم یہاں سے رہے پھر یہاں پسماندگی کیوں ہے سوچنے کی ضرورت ہے، سپاسنامے اور جھوٹے اعلانات نے ہمیں خراب کیا اب سب بدلنے کی ضرورت ہے، آزاد کشمیر کا پورا بجٹ بھی ادھر خرچ کیا تو بھی مسائل رہیں گے، قیادت وہ جو عوام کا درد سمجھے، مریض کو جب تک صیحیح علاج فراہم نہ کیا جائے مرض ٹھیک نہیں ہو گا، اس وقت سیاسی قیادت سے عوام کا اعتماد اٹھ گیا ہے، بددیانتی، کرپشن اور سفارش نے نظام کو بوسیدہ کر دیا ہے لوگ اسی لئے اس نظام سے تنگ ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے