سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم: 5 اگست یوم استحصال کے حوالہ سے قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر کے خصوصی اجلاس کے دوران مثالی انتظام پر سیکرٹری قانون ساز اسمبلی چوہدری بشارت حسین جو کہ بیرون ملک دورہ پر ہیں نے قائم مقام سیکرٹری قانون ساز اسمبلی امجد لطیف عباسی کو فون کال کر کے مبارک دیتے ہوئے اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران و اہلکاران کی جانب سے اعلیٰ کارکردگی پر اُنہیں سراہا اور قائم مقام سیکرٹری اسمبلی کو ہدایت کی کہ میٹنگ کا انعقاد کر کے جن جن افسران و اہلکاران نے سپیشل ڈیوٹی سرانجام دی ہے اُن کی کارکردگی کو سراہا جائے۔ اس کے باعث اسمبلی سیکرٹریٹ کے کمیٹی رُوم میں خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔میٹنگ کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔قاری اسمبلی سیکرٹریٹ سلیم ظفر نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔ قائم مقام سیکرٹری قانون ساز اسمبلی امجد لطیف عباسی نے ابتدائی کلمات میں کہا کہ خصوصی اجلاس کے دوران جس قدر خصوصی انتظامات و کارکردگی درکار ہوتی ہے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہر افسر و اہلکار جس کو جو ڈیوٹی سونپی گئی اُس نے بخوبی نبھائی اور کہیں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی اس پر آپ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ کسی نے شکایت کا موقع نہیں دیا تاہم بہتری کی گنجائش ہمہ وقت موجود ہوتی ہے اس لیے میں چاہتا ہوں کہ PIPS یا KIM میں مینجمنٹ، جنرل کوریسپو نڈینس، نوٹنگ ڈرافٹنگ یا مزید آپ کوئی شعبہ تجویز کریں تاکہ شارٹ کورسز کا اہتمام کرتے ہوئے کارکردگی میں مزید نکھار لایا جا سکے۔ خانزادہ امجد محمود ایڈیشنل سیکرٹری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اصل خوبی تقسیم کار کی ہوتی ہے اور اس پر قائم مقام سیکرٹری اسمبلی امجد لطیف عباسی نے ہر ایک کو اس کی صلاحیت کے مطابق کام سونپا اور جس کا مثبت ترین رزلٹ سب کے سامنے ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ رات گئے تک ایک ایک کام پر باریک بینی سے جائزہ لیا جاتا رہا تاکہ کوئی کمی نہ رہے۔ ہر ایک نے دل لگا کر کام کیا اور سرخرو ہوئے۔پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
