Input your search keywords and press Enter.

حریت رہنمائوں کی پاکستانیوں کو یوم آزادی پر مبارکباد

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے 14 اگست کو منائے جانے والے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کو اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں کیونکہ اس نے جموں و کشمیر کی سرزمین پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں تمام بنیادی انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کو ظالمانہ طریقے سے چھین لیا ہے۔حریت رہنمائوں بلال احمد صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، فیاض حسین جعفری، غلام محمد خان سوپوری، سید بشیر اندرابی، خواجہ فردوس، ایڈووکیٹ ارشد اقبال، حفظہ بانو، فریدہ بہن جی، یاسمین راجہ، مولانا مصعب ندوی، عبدالصمد انقلابی، سید سبط شبیر قمی، غلام نبی وار، جاوید احمد میر اور معراج الدین شیخ نے سرینگر سے اپنے بیانات میں کہا کہ پاکستان نہ صرف جنوبی ایشیا کے مسلمانوں بلکہ پوری امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام اللہ تعالی کی طرف سے برصغیر کے مسلمانوں پر ایک غیر معمولی احسان ہے۔ انہوں نے کشمیر کاز کی مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے