انجینئر رشید کی رہائی کے بعد ہم دیگر بے قصور نوجوانوں کے رہا ہونے کی امید کررہے ہیں، محبوبہ مفتی
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر نے کہا کہ انجینئر رشید کو رہا کرنا اچھی بات ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ہزاروں بے گناہ نوجوان جو جیلوں میں بند ہیں انہیں بھی رہا کیا جائے۔
سپورٹ کشمیر نیوز: جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور سابق وزیراعلٰی محبوبہ مفتی نے کہا کہ انجینئر رشید کی رہائی ایک اچھا قدم ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ جموں کشمیر کے علاوہ ملک کے مختلف ریاستوں میں قید افراد کو بھی جلد رہا کیا جائے گا۔ انجینئر رشید کو پارلیمنٹ اجلاس کے دوران جیل سے رہا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں رہا کیا گیا ہوتا تو وہ عوامی مسائل کو پارلیمنٹ میں اٹھاتے لیکن انہیں جموں و کشمیر انتخابات سے عین قبل رہا کیا گیا تاکہ وہ عوام سے ووٹ مانگ سکیں۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ انجینئر رشید کو رہا کرنا اچھی بات ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ہزاروں بے گناہ نوجوان جو جیلوں میں بند ہیں انہیں بھی رہا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی حکومت کی گزشتہ کارکردگی سے عوام بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی حکومت کے دوران جموں و کشمیر میں ہسپتال، میڈیکل کالجز قائم کئے گئے، سڑکیں تعمیر کی گئی، روزگاری کے دروازے کھولے گئے، پوٹا جیسے کالے قانون کو ختم کیا گیا، اخوان اور ٹاسک فورس کے ظلم و ستم سے لوگوں کو آزاد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے مرحوم مفتی محمد سعید نے کافی پیشرفت کی تھی۔
واضح رہے کہ انجینئر رشید کو پانچ اگست 2019ء میں دفعہ 370 کہ منسوخی کے بعد گرفتار کیا گیا جبکہ ان پر ٹیرر فنڈنگ اور منی لانڈرنگ سے متعلق الزامات عائد کئے گئے۔ انہیں دہلی کی تہاڑ جیل میں قید رکھا گیا۔ عدالت کے حکم پر انہیں گذشتہ روز جیل سے رہا کیا گیا، عدالت نے انہیں دو اکتوبر تک عبوری ضمانت دی ہے۔ گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں انجینئر رشید جموں و کشمیر کی سیاست میں ایک بڑا چہرہ بن کر ابھرے ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے جموں و کشمیر اسمبلی میں 11 سال لنگیٹ حلقہ کی نمائندگی کی۔
