سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت نے علاقے کو عملی طور پر ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے جہاں لوگوں کے تمام بنیادی سیاسی اور قانونی حقوق سلب کر لیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی کشمیر دشمن پالیسیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور جھوٹے الزامات پر نوجوانوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان نے ہماچل پردیش کے علاقے بلاس پور میں کشمیری شال فروشوں کو ہراساں کیے جانے اور دھمکیاں دینے کی بھی مذمت کی۔ ایڈوکیٹ منہاس نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوتوا کی حامی بھارتی اسٹیبلشمنٹ نے اپنے مظالم میں تیزی لائی ہے جو کشمیریوں کو تکلیف پہنچانے اور سزا دینے میں خوشی محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز بے گناہ کشمیریوں خاص طور پر نوجوانوں کے خلاف کالے قوانین کے تحت مقدمے درج کر رہی ہیں۔ترجمان نے عالمی برادری بالخصوص انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کے لیے اقدامات کریں اور کشمیریوں کے خلاف جنگی جرائم پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائیں۔
بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے، حریت کانفرنس
