Input your search keywords and press Enter.

بے لگام بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کا بے دریغ خون بہا رہی ہے، ڈی ایف پی

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی سربراہی میں قائم ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے علاقے میں جاری مظالم اور تشدد کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں ایک بیان میں پونچھ کے علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو نوجوانوں کی شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ قابض بھارتی فوج کی طرف سے آئے دن معصوم شہریوں کو بے رحمی سے قتل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے لگام بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کا بے دریغ خون بہا رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری اور اقوام متحد خطے کی سنگین صورتحال کا نوٹس لیں اور نہتے کشمیریوں کے خلاف وحشیانہ مظالم پر بھارت کو جواب دہ ٹھہرائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک انسانی مسئلہ ہے جسے حل کیے بغیر خطے میں دیرپا امن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ترجمان نے اقوام متحدہ سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اپنی پاس کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔ ترجمان نے پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کی مسلسل نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا جنہیں بھارتی جیلوں میں انتہائی ابتر صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے شبیر احمد شاہ کی گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ تمام کشمیری نظربندوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے