سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ جمعیت علمائے اسلام ملتان کے ضلعی امیر مفتی عامر محمود، جنرل سیکرٹری نور خان ہانس ایڈوکیٹ، سرپرست حافظ محمد عمر شیخ، ضلعی ناظم اطلاعات رانا محمد سعید نے کہا ہے کہ مظلوم کشمیریوں کی آزادی و خود مختاری کے لیے قائد مولانا فضل الرحمن اور دیگر اکابرین کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھیں گے، اقوام متحدہ ذمہ دارانہ کردار ادا کرے، جے یو آئی ملتان ضلع کے زیراہتمام پانچ فروری کو مظلوم کشمیریوں کی آزادی کے لیے یوم یکجہتی کشمیر ریلی مدرسہ قاسم العلوم گلگشت سے جلال باقری مسجد تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جبکہ 8 فروری کو جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری جے یو آئی ملتان ضلع کے مجلس عمومی اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ قاسم العلوم گلگشت میں پانچ فروری کو یوم کشمیر ریلی اور آٹھ فروری کو مولانا عبدالغفور حیدری کی ملتان آ مد کے حوالے سے انتظامات کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔
جس میں مفتی حبیب اللہ بلال، مولانا زاہد حبیب، مولانا خواجہ محمد عبدالمالک، قاری محمد طیب فرید، قاری عبدالروف، قاری محمد یاسین، مولانا محمد جہانزیب، مولانا محمد یوسف مدنی، صاجزادہ محمود احمد نقشبندی، مولانا جاوید اقبال ودیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر جے یو آئی ضلع ملتان کے آٹھ فروری کو ہونے والے مرکزی مجلس عمومی اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، جبکہ اس موقع پر جے یو آئی کے سابقہ کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا اور پانچ فروری کو یوم کشمیر اور آٹھ فروری کو مولانا عبدالغفور حیدری کی ملتان آمد کے سلسلے میں منعقدہ پروگرامز کو ختم شکل دی گئی۔ مفتی عامر محمود نے مزید کہا کہ بھارت جتنا مرضی مظلوم کشمیریوں پر ظلم کر لے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کی آزادی کے مطالبے سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے اور مظلوم کشمیریوں کی حمایت کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، انشااللہ وہ دن دور نہیں جب مظلوم کشمیریوں کو آزادی حاصل ہوگی۔
