Input your search keywords and press Enter.

یومِ نوجوانان کی مناسبت سے وادی کشمیر میں انجمن شرعی شیعیان کا اجتماع

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ نواسۂ رسول (ص) حضرت امام حسین (ع) کے محبوب فرزند اور شبیہِ مصطفیٰ (ص) حضرت علی اکبر (ع) کے یومِ ولادت باسعادت کی مناسبت سے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے زیرِ اہمام امام بارگاہ زوری گنڈ میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کو یومِ نوجوانان کے طور پر منایا گیا، جس میں مکاتب کے طلباء کے علاوہ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب سعید کی نظامت کے فرائض ملک توفیق حسین نے انجام دئیے، جبکہ معروف دینی شخصیات نے خطاب کیا، جن میں مولانا سید محمد حسین صفوی، مولانا غلام محمد گلزار اور مولانا سید محمد حسین موسوی شامل تھے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں نوجوانوں کے کردار، ان کی تربیت اور صالح معاشرے کی تشکیل میں ان کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ کسی بھی قوم کے عروج و زوال کا دار و مدار نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت اور ان کی فکری و عملی استعداد پر ہوتا ہے۔

علماء دین نے حضرت علی اکبر (ع) کی حیاتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی ترین سرمایہ ہوتے ہیں، دینِ اسلام اور انسانیت کی سربلندی کے لئے ایک تعلیم یافتہ، دیندار اور معاملہ فہم نوجوان طبقے کا وجود از حد ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت علی اکبر نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ اطاعتِ خدا، محبتِ رسول (ص) اور دفاعِ امامت و ولایت کے لئے وقف کر دیا۔ آپ کی سیرتِ طیبہ نوجوانوں کے لئے ایک مکمل نمونہ عمل اور مشعل راہ ہے۔ مقررین نے زور دیا کہ نوجوانوں کو حضرت علی اکبر کی حیاتِ مبارکہ سے روشنی لیتے ہوئے اپنی عملی زندگی میں دین و اخلاق کے اصولوں کو اپنانا چاہیئے اور اپنی ذمہ داریوں کا تعین اسی بنیاد پر کرنا چاہیئے۔ تقریب کے اختتام پر مکتب زوری گنڈ کے معلمات اور منتظمین کو ان کی شاندار کارکردگی پر تشویقی انعامات سے نوازا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے