Input your search keywords and press Enter.

ملائیشین رہنمائوں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بریفنگ

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے ایک وفد نے ملائیشیا میں اسلامی تنظیموں کی مشاورتی کونسل (MAPIM) کے صدر محمد اعظمی عبدالحمید اور دیگر رہنمائوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق حریت رہنما الطاف حسین وانی کی زیر قیادت وفد میں ایڈوکیٹ پرویز احمد، شمیم شال، سید فیض نقشبندی اور شیخ عبدالمتین شامل تھے۔ حریت وفد نے ملاقات کے دوران ملائیشیا کے نمائندوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا جن میں دوران حراست قتل، آبادی کے تناسب میں تبدیلی اور قابض بھارتی فورسز کی طرف سے منظم خلاف ورزیاں شامل ہیں۔ الطاف حسین وانی نے کہا کہ بھارتی حکومت کا مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات معمول پر آنے کا بیانیہ عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لئے دھوکہ دہی پر مبنی ایک ہتھکنڈا ہے۔ وفد نے ملائیشین رہنمائوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم شناخت کو مٹانے کے لئے مندروں کی تعمیر اور علاقے میں ہندوتوا کے ایجنڈے کو مسلط کرنے کی بھارتی حکومت کی کوششوں کے بارے میں بھی بتایا۔ ملائیشیا کے وفد نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں، بھارت کی طرف سے مسلط کی جانے والی آبادیاتی تبدیلیوں اور علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کی منظم کوششوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے قومی اور بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کی حالت زار کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کا یقین دلایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے