Input your search keywords and press Enter.

کل جماعتی حریت کانفرنس کا اسلامی اور تاریخ کشمیر کی کتابیں ضبط کرنے پر اظہار تشویش

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اسلامی اور تاریخ کشمیر کی کتابیں اور کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے جس کا واحد مقصد علاقے کا اسلامی تشخص اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا کی زیرقیادت ہندوتوا حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اسلامی اور تاریخ کشمیر کے لٹریچر کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے اور دکانوں سے کتابیں ضبط کر لی ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کی بی جے پی حکومت آر ایس ایس کے ایجنڈے کے تحت مسلمانوں کی شناخت مٹانے، ان کی تاریخ کو تبدیل کرنے اور جموں و کشمیر کی نئی نسل کو گمراہ کرنے کے لیے اسکولوں میں ہندوتوا نظریے پر مبنی نصاب مسلط کر رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کی زمینوں اور گھروں سمیت جائیدادوں سے بے دخل کرنے کی مہم جاری ہے جس کا واحد مقصد علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں کئے گئے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں کیونکہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد بھارتی حکومت نے معصوم کشمیریوں کے خلاف اپنے مظالم میں اضافہ کیا ہے اور علاقے میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لئے اب تک لاکھوں غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کر دیے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیری عوام کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنی خواہشات اور امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر حل کرنے کا مطالبہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس دیرینہ تنازعے کے حل تک جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ حریت ترجمان نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ معصوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں اور تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں مدد کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے