Input your search keywords and press Enter.

بھارت کشمیریوں کو انکے بنیادی حقوق سے محروم کر رہا ہے، حریت کانفرنس

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کے مقرر کردہ لیفٹیننٹ گورنر منہاج سنہا کی قیادت میں بھارتی قابض فورسز مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے تمام بنیادی حقوق سے محروم کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کا ہر ادارہ کشمیریوں کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ جیسے کالے قوانین کو منسوخ نہیں کیا جاتا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور نہتے کشمیریوں کو ظلم و تشدد کا سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ اس کالے قانون کے تحت بھارتی فورسز کو کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے۔انہوں نے بھارتی حکومت، پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے حریت کارکنوں اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرنے والے افراد کی جائیدادوں کی ضبطگی کی شدید مذمت کی۔ حریت ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکام جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تنازعہ کشمیر کو صرف مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مذاکراتی عمل کے خلاف نہیں، تاہم ہم صرف بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کے حامی ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ان پامالیوں کو بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سنگین صورتحال پر انسانی حقوق کے علمبرداروں، کارکنوں، میڈیا اور دیگر کی خاموشی کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے