Input your search keywords and press Enter.

حریت کانفرنس کا مسئلہ کشمیر کو مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے تنازعہ کشمیر کو پاکستان، بھارت اور حقیقی کشمیری قیادت کے درمیان ایک دیرپا اور نتیجہ خیز مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پاس کردہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل انتہائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو برقرار رکھنے کیلئے تنازعہ کشمیر کے تاریخی حقائق کو چھپانے اور کشمیر کے بارے میں ایک جھوٹے اور بے بنیاد بیانیے کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بارے میں بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل خطے میں کشیدگی کا باعث ہے۔ ترجمان نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کی گھر میں بار بار نظربندی اور حریت قیادت اور بڑی تعداد میں نوجوانوں کی برسہا برس سے قید کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو فوجی طاقت کے بل پر دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے، اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے بارے متعدد قراردادیں پاس کر رکھی ہیں اور انہیں یہ حق دیے بغیر خطے میں پائیدار امن و ترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے