Input your search keywords and press Enter.

اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم روکنے کے لئے مداخلت کرے

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز (KIIR) نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی حکام کی طرف سے علاقے میں جاری ظلم و ستم کو روکنے کے لئے فوری مداخلت کرے۔ ذرائع کے مطابق کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام ایک خط میں مقبوضہ علاقے میں آزادی پسند رہنمائوں کے خلاف منظم کریک ڈائون، جائیدادوں پر غیر قانونی قبضے اور شہری آزادیوں کو سلب کرنے جیسی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا ہے۔ خط میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کے دور میں بلاجواز گرفتاریاں، چھاپے، سفری پابندیاں، افراد اور اداروں کی نگرانی اور طویل قید و بند ایک معمول بن چکا ہے۔ الطاف وانی نے حریت پسند کشمیریوں کی آوازوں کو دبانے اور بنیادی آزادیوں کو سلب کرنے کے لیے بھارت کی طرف سے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون یو اے پی اے، پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) اور آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ (AFSPA) جیسے کالے قوانین کے استعمال کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر ظلم و جبر کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ کے آئی آئی آر نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں ظالمانہ اقدامات پر بھارت کا محاسبہ کرنے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے