سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کی حمایت کرنا اور اسے مضبوظ بنانا آزاد کشمیر کے ہر شہری کا قومی فریضہ ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود نے اپنے آبائی علاقے چچیاں میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور کہا کہ یہ ان کے پورے سیاسی کیرئیر میں اولین ترجیح رہی ہے۔ بیرسٹر سلطان چوہدری نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششوں کا حوالہ دیا جس میں امریکہ، برطانیہ، فرانس اور ترکی جیسے اہم ممالک کے دورے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے اس مسئلے پر قومی اتفاق رائے کو فروغ دینے اور مختلف سیاسی پس منظر سے تعلق رکھنے والے رہنمائوں کو متحد کر کے ایک متحدہ محاذ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ صدر آزاد کشمیر نے تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے امریکی کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر کے دورہ مظفر آباد سمیت حالیہ اعلیٰ سطحی دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی کامیاب مہم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دوروں سے بھارتی حکومت پر دبائو بڑھ گیا جس نے امریکہ اور برطانیہ سے باضابطہ احتجاج کیا ہے۔
تحریک آزادی کشمیر کی حمایت کرنا آزاد کشمیر کے ہر شہری کا قومی فریضہ ہے، بیرسٹر سلطان
