Input your search keywords and press Enter.

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی طرف سے کشمیریوں کو ہراساں کرنے کی مذمت

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کشمیریوں کو ہراساں کرنے، جبری گرفتاریوں اور ان کی جائیدادوں پر غیر قانونی قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کارروائیوں کو مقبوضہ علاقے میں سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے نوآبادیاتی دور کے ہتھکنڈے قرار دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر سے ایک بیان میں کہا ہے کہ محاصرے اور تلاشی کی جاری کارروائیاں، دوران شب چھاپے، سیاسی کارکنوں اور علمائے کرام کی جبری گرفتاریاں اور مساجد میں نمازوں کی ادائیگی پر قدغن مقبوضہ علاقے میں صورتحال معمول پر آنے کے بھارتی حکومت کے دعوئوں کی نفی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ نو آبادیاتی دور کے ان ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیری عوام میں خوف کا احساس پیدا کر کے انہیں محکوم رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نام نہاد سکیورٹی اقدامات کے نام پر سیاسی کارکنوں کی جائیدادوں کی ضبطگی مودی حکومت کی وسیع تر مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد بھارتی احکامات قبول کرنے سے انکار کرنے والے سیاسی رہنمائوں کی آوازوں کو دبانا ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ مودی حکومت آزادی پسند کشمیریوں کوخوف و دہشت زدہ کر کے خاموش کرانے کے اپنے مذموم عزائم میں ہر گز کامیاب نہیں ہو گی۔ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے کشمیریوں کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روکا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر نظربند پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ اور دیگر کشمیری سیاسی نظربندوں کی گرتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام سیاسی نظربندوں کی جلد رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیری نظربندوں کی جلد از جلد رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے