سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بھارتی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو Kiren Rijiju کا سری نگر میں بھرپور استقبال کر کے وقف ترمیمی قانون کو جواز فراہم کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محبوبہ مفتی نے ”ایکس“ پر لکھا کرن رجیجو کے شاندار استقبال کے ذریعے بھارت بھر کے 24کروڑ مسلمانوں کو یہ اشارہ دیا گیا کہ وقف بل کے بارے میں ان کے خیالات کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بل لانے کے بعد کرن نے ایک منصوبے بند سازش کے تحت مسلم اکثریتی جموں و کشمیر کا دورہ کیا جہاں وزیراعلیٰ نے ان کا پر جوش استقبال کیا اور یوں بھارتی مسلمانوں کو پیغام دیا گیا کہ ایک مسلم اکثریتی علاقے کے وزیراعلیٰ بل پیش کرنے والے وزیر کی خدمت میں پیش پیش ہیں تو ان کے خیالات کی کیا اہمیت ہے۔ محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ اقلیتی امور کے وزیر رجیجو نے سری نگر کے باغ گل و لالہ کی بھی اس دوران سیر کی اور مسلمانوں کی بے بسی کا جشن منایا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران وزیراعلیٰ نے بھارتی وزیر کی جو آﺅ بھگت کی اس سے نہ صرف مسلمانوں کے اندر بے بسی کا احساس مزید گہرا ہو گیا بلکہ وقف ترمیمی بل کے یکطرفہ فیصلے کو بھی تقویت پہنچی۔
بھارتی وزیر نے سرینگر کے باغ گل ولالہ کی سیر کر کے مسلمانوں کی بے بسی کا جشن منایا، محبوبہ مفتی
