Input your search keywords and press Enter.

ایم ایم یو کے اجلاس پر پابندی غیر منصفانہ، غیر جمہوری عمل ہے، میر واعظ

سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ـ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور متحدہ مجلس علماء (ایم ایم یو) کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے متنازعہ وقف ترمیمی قانون کے بارے میں مجلس کے ایک اہم اجلاس پر پابندی کے قابض انتظامیہ کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے نئی دہلی کے غیر جمہوری اقدام پر ”ایکس“پر اپنے ردعمل میں کہا ”مسلم مذہبی رہنماﺅں کو کمیونٹی کے لیے سنگین تشویش کے معاملات پر غوروخوض سے روکنا انتہائی افسوسناک اور جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔“ انہوں نے کہا کہ ایم ایم یو نے انتظامیہ کی قدغنوں کے باوجود فیصلہ کیا ہے کہ متنازعہ وقف ترمیمی ایکٹ کے حوالے سے کل جمعہ کو مقبوضہ علاقے کی مساجد میں ایک قرارداد عوام کے سامنے رکھی جائے گی۔ میرواعظ نے کہا کہ وہ ایکٹ کے بارے میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ مودی کی ہندوتوا بھارتی حکومت کی طرف سے لائے جانے والے متنازعہ وقف ترمیمی قانون پر غوروخوض کیلئے گزشتہ روز ایم ایم یو کا ایک اہم اجلاس سرینگر میں ہونا تھا تاہم انتظامیہ نے مجلس کو اجلاس کے انعقاد سے روک دیا۔ انتظامیہ نے مجلس کے سربراہ میر واعظ فاروق اور رکن آغا سید حسن الموسوی الصفوی کو بھی گھروں میں نظر بند کر دیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے