سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے یوم عاشورہ کی اسلامی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا حق، انصاف اور وقار کے لیے ڈٹے رہے۔ ذرائع کے مطابق میر واعظ نے یوم عاشورہ کے موقع پر سرینگر میں عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے کربلا کے تاریخی واقعے کی تفصیل بیان کی اور امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے حق، انصاف اور وقار کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ میر واعظ نے کہا کہ جب ہم امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی تعظیم کرتے ہیں تو ہمیں سکھایا جاتا ہے کہ شدید مشکلات کے باوجود حق، انصاف اور وقار کے لیے کھڑا رہنا ایمان کی اعلی ترین شکل اور ثابت قدمی کا ایک لازوال سبق ہے۔ ان کی قربانی آنے والی نسلوں کو تحریک دلاتی رہے گی۔ میر واعظ نے فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے دعا کی اور غزہ اور دیگر مقامات پر روزانہ کی بنیاد پر ان کے قتل عام اور نسل کشی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سمیت پوری امت مسلمہ آزادی اور انصاف کی منصفانہ جدوجہد میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
امام حسین اور شہدائے کربلا حق، انصاف اور وقار کے لیے ڈٹے رہے، میر واعظ
