سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔ وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ سے چیئرمین علماء و مشائخ کونسل پاکستان پیر سید سعادت علی شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ تحریک پاکستان اور پاکستان میں امن و امان کو برقرار رکھنے میں علمائے کرام کا کلیدی کردار ہے۔ پاکستان کی خاطر سب کو ایک ہو کر آگے بڑھنا ہے، پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے۔ پاکستان مسلم امہ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ خطے میں امن و استحکام کیے لئے پاکستان کا کردار قابل فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنت رسول اللہﷺ پر عمل ہی امت مسلمہ کو راہ راست پر عمل پیرا رکھ سکتا ہے۔ اسلام میں کسی لسانی اور علاقائی گروہ بندی کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین علمائے و مشائخ کونسل پیر سید سعادت علی شاہ نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے، مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہی خطے میں امن کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر اولیا کی دھرتی ہے، کشمیری عوام کو ہندوستان کے بدترین جبر کے سامنے ڈٹے رہنے پر سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیر محمد مظہر سعید شاہ کی خصوصی دعوت پر کشمیر آیا ہوں۔ کشمیر کی مٹی بڑی زرخیز ہے یہاں بڑے نامور لوگ پیدا ہوئے جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔
قبل ازیں وزیر اطلاعات آزاد کشمیر نے اپنے آفس چیمبر آمد پر چیئرمین علمائے و مشائخ کونسل پاکستان کا خیر مقدم کیا اور ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین علمائے و مشائخ کونسل پیر سید سعادت علی شاہ نے پیر محمد مظہر سعید شاہ کو درگاہ جورہ شریف میں ہونے والی سالانہ ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات نے چیئرمین علماء ومشائخ کونسل کو شیلڈ بھی پیش کی۔
