سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل نیوز (کوٹلی):
وفاقی وزیر امور کشمیرو گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کشمیریوں اور پاکستان کا رشتہ تاقیامت قائم ودائم رہے گا۔
کشمیر نیوز کے مطابق انجینئر امیر مقام نے کوٹلی آزادکشمیر میںمعرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کی فتح کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم آزادی جوش و خروش سے منا یاجارہا ہے ، افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو شکست دی۔ اس جنگ میں کامیابی کے بعد دنیا بھر میں پاکستان طاقت بن کر ابھرا ہے۔ بھارت کا غرور ہماری افواج نے خاک میں ملا دیا اور پاکستان کا وقار بلندیوں کو چھورہا ہے ۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ جنگ کے دوران کشمیریوں کا جذبہ قابل دید رہا اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران مقبوضہ کشمیرکے عوام نے بھی پاکستان کی فتح کا جشن منایا، مظلوم کشمیریوں پر بھارت بدترین ظلم کر رہا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں پاکستان سے پیار کا رشتہ مضبوط ہو رہا ہے۔ا نہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی داستان رقم کی ہے، ہم مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں کشمیریوں کی آزادی کی آواز بلند کرتا رہے گا۔اس موقع پرصدر مسلم لیگ ن ممبر اسمبلی شاہ غلام قادر نے بھی خطاب کیا ۔تقریب کا اہتمام ایڈیشنل سیکرٹری مسلم لیگ ن آزاد کشمیر ملک ذوالفقار علی نے کیا تھا۔
