پاکستان کا غلط نقشہ نشر کرنے پر پی ٹی وی کے دو عہدیدار نوکری سے نکال دیئے گئے۔ ڈیلی ڈان کے مطابق پی ٹی وی نیوز کے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر ایک ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ ”6جون کو غلط نقشہ نشر کیے جانے پر ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے تحقیقات میں دو عہدیداروں کو اس کا ذمہ دار قرار دیا۔ ان عہدیداروں کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی وی پر پاکستان کا غلط نقشہ نشر ہونے پر ادارے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ”شرمناک۔۔۔ ارشد خان دہائیوں سے پی ٹی وی کی سربراہی کر رہے ہیں۔ لگتا ہے وہ بھول گئے ہیں کہ وہ پی ٹی وی کے چیئرمین اور ڈی فیکٹو ایم ڈی ہیں، دور درشن (بھارت کا قومی ٹیلی ویژن چینل )کے نہیں۔توقع ہے کہ شبلی فراز غلط نقشہ نشر ہونے پر سخت اقدام اٹھائیں گے اور ذمہ داروں کو بتائیں گے کہ کشمیر پاکستان کے لیے کتنی اہمیت رکھتا ہے۔
