برسلز (عظیم ڈار)بھارتی حکومت کے کشمیری عوام پر بڑھتے ہوئے ظلم وستم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں نے وادی کے حالات اوربگاڑدیئےہیں۔ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے اپنی قیادت میں 16یورپی ممالک میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ دارالحکومت برسلز سے شروع کرتے ہوئے اوورسیز کمیونٹی کو عندیہ دیا کہ ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن 15اگست تک پورے یورپ میں احتجاجی مظاہروں ریلیوں اور کانفرنسز کو منعقد کرتے ہوئےکشمیری قوم سے یکجہتی کا اظہار کرے گی۔انھوں نے عالمی برادی سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے دوہرے معیار اور کشمیر کے اندر دہشت انگیز کارروائیوں کو رکوانے کےلیے مثبت کردار ادا کرے۔اسی حوالے سےپشتون آرگنائزیشن یورپ کے صدر عرب گل مالاگوری ،چیئرمین نوید خان ،کشمیر پیس فورم بلجیم کے ڈائریکٹرز ملک پرویز، چوہدری نصیر کے اشتراک سے برسلز کی مشہور سیر گاہ آٹومیم کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ ہواجس میں پاکستانی وکشمیری تنظیموں کی سرکردہ شخصیات اور یونیورسٹی کے طلباءوطالبات نے شرکت کی۔اس موقع پر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے عالمی قوتوں کو کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئےبھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے چہرے پر لگے نقاب کو ہٹایا اور کہا کہ پوری دنیا اس وقت کورونا وبا سے جنگ لڑرہی ہےلیکن بھارت کی انتہا پسند جماعت آر ایس ایس اور دیگر مسلمان مخالف دھڑوں نے پورے ہندوستان میں مسلمانوں کے قتل عام سے خوف وہراس کی لہر برپا کررکھی ہے۔انھوں نے کشمیری قوم سے مخاطب ہوتے ہوئےانہیں یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ دنیا بھر میں کشمیری بہن بھائیوں کی آواز بن کر عالمی ضمیر کو جگائیں گے،انھوں نے کہا کہ کشمیری وادی میں ایک سال سے جاری کرفیو اور سیکورٹی فورسز کے مظالم کے ساتھ ساتھ کورونا جیسی موذی مرض سے نبردآزماء ہیں، وادی میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی اور بھارتی ظلم نے کشمیری قوم کی نسل کشی میں کوئی کسر نہیں اٹھارکھی۔پشتون آرگنائزیشن یورپ کے صدر عرب گل اور چیئرمین نوید خان نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی سے وادی میں انسانی حقوق کی پامالیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں،نئی نسل کو تباہ وبرباد کیا جارہا ہے، ظلم کے خلاف پاکستان کے سواکوئی بھی آواز بلند نہیں کررہا،انھوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔کشمیر پیس فورم بلجیم کے ڈائریکٹرز ملک پرویز اور چوہدری نصیر نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر زبردستی قبضے کے ذریعے کشمیری عوام کا استحصال کررکھا ہے تاکہ وہ آزادی کے مطالبے سے دستبردار ہوجائیں۔انھوں نے تحریک آزادی کے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئےکشمیری ماؤں بہنوں اور بھائیوں کے جذبوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔احتجاجی مظاہرے میں مظاہرین نے آٹومیم کے مقام پر ریلی کی صورت میں واک کرتے ہوئے یورپی عوام اور اعلیٰ حکام کو پیغام دیا کہ کشمیری قوم پچھلی چار دہائیوں سے زائد عرصہ سے بھارتی ظلم وتشدد کا شکار ہوتے چلے آرہے ہیں،انسانی حقوق کے علمبردار اور عالمی قوتیں خطہ کشمیر میں امن وامان کی بحالی کےلیے کشمیریوں کی حمایت میں تحریک آزادی کشمیر کے لیے بھارت سے دوٹوک بات کریں۔سوشل ایکٹیوسٹ اینڈی ورمونٹ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے کشمیری عوام پر مظالم کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی اور ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز بلند کرنے کے اقدام کو زبردست انداز میں سراہا اور کہا کہ وہ آزادی کشمیر کی تحریک میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔مظاہرین نے پاکستانی جھنڈے پوسٹرز بینر اور کتبے اٹھارکھے تھے جن پر بھارت مخالف نعرے درج تھے ۔احتجاجی مظاہرے میں بلجیم کے دیگر شہروں اینٹورپن سے حافظ فہیم،چوہدری خلیل، گینٹ سے سید جابر عباس،شالروا سے مہر ذوالفقار،بشارت چوہان،حاجی عبدالحفیظ،چوہدری مظہر،پشتون آرگنائزیشن بلجیم کے صدر جمیل خان، عدنان خان،قمر عباس،محمد اقبال،چوہدری خالق، پاکستان پریس کلب برسلز کے حاجی شاہد فاروقی،عظیم ڈار، سردار ساجد امتیاز،چیئرمین قرآن اکیڈمی حافظ شفیق الرحمن اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سےتعلق رکھنے والی سیاسی سماجی کاروباری اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی اور اس بات پر زوردیا کہ کشمیر کی آزادی تک ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ پروگرام میں کوروناایس او پیز کا خصوصی خیال رکھا گیا جب کہ بلجیم پولیس نے سیکورٹی کے انتظامات کیے۔
بھارت مقبوضہ کشمیر کے بدترین حالات کا ذمہ دار ہے، مقررین، برسلز میں مظاہرہ
