Input your search keywords and press Enter.

پاکستان ہمارا وکیل، مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی، کمیونٹی رہنما

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی/ابرار مغل سیاکھوی) بھارت اپنی آزادی کا جشن منانے سے قبل مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کا حق آزادی تسلیم کرے۔ برطانیہ جیسے جمہوری ملک میں بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر کا حق آزادی سلب کرنا زیب نہیں دیتا۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر بھارتی قونصلیٹ برمنگھم کے سامنے آل پارٹیز کشمیر کوارڈینیشن کمیٹی، برٹش کشمیری کمیونٹی اوورسیز پاکستانی کمیونٹی اور آزادی پسندوں نے بھرپور پرامن احتجاج کرتے ہوئے کیا ۔ آل پارٹیز کشمیر بین الاقوامی رابطہ کمیٹی کے صدر چوہدری عظیم، تحریک کشمیر برطانیہ کے نمائندہ راجہ قمر عباس، پیپلزپارٹی میڈلینڈ کے صدر چوہدری شاہ نواز، پیپلزکشمیر کمیٹی کے کوارڈینیٹر نائب حسین مغل، مسلم لیگ ن یوتھ ونگ برطانیہ کے سابق صدر راجہ حق نواز جانباز، چوہدری عبدالغفور کھاڑک، محترمہ آئمہ خان، زبیدہ خان، راجہ فضل الرحمٰن، چوہدری شوکت، چوہدری جبران، نجیب افسر، لیاقت لون، مرزا اختر اور دیگر کثیر تعداد میں خواتین ،حضرات اور نوجوانوں نے شرکت کی۔مظاہرے کے دوران بھارت کے خلاف شدید نعرہ بازی جاری رہی، لوگوں نے بینرز، کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ایک سال سے لگائے ہوئے کرفیو اور کورونا لاک ڈائون نے مزید انکی سختیوں میں اضافہ کردیا۔ ا س کے باوجود مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہیں وہ اپنی آزادی کے سوا کسی آپشن کو قبول نہیں کریں گے۔عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرنے اور مظلوم عوام کو حق خودارادیت دینے پر مجبور کرے۔ اس دوران بھارتی قونصلیٹ کے سامنے آزادی مارچ بھی کیا گیا۔ خواتین بچے، بوڑھے دیوانہ وار نعرے بلند کررہے تھے۔ رہنمائوں کا پرجوش انداز میں کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا وکیل ہے، پاکستان ہمارا سفیر ہے، پاکستان ہی عالمی سطح پر سفارتی سیاسی محاذوںپر کشمیر کی جنگ لڑ ر ہا ہے۔ شرکاء نے اس عزم کو دوہرایا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی حتمی آزادی تک ہمار ی جدوجہد جاری رہے گی۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے