اسلام آباد (اے پی پی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیری ایک ہیں، کبھی جدا نہیں ہوں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دل اکٹھے دھڑکتے ہیں، ہمارے جذبات و احساسات مشترک ہیں،ہم مل کر جدوجہد کر رہے ہیں۔ دنیا واضح طور پر دیکھ سکتی ہے کہ غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جارحیت مودی حکومت ہندوتوا کی ناکامی کی عکاسی ہے۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کشمیر آزاد ہوکررہے گا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ ایک ٹوئٹ کو ٹیگ کیا جس میں پاکستان کے یوم دفاع کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بانی پاکستان قائداعظم کی تصویر کے ساتھ ان کا فرمان چھاپا گیا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ اس کے علاوہ صدرعارف علوی کی تصویر کے ساتھ ایک پوسٹر ہے جس پر تحریر ہے کہ ہم اہل جموں و کشمیر کے لیے ہرطرح کی قربانی دیں گے، ہم ان کے ساتھ غم و رنج میں برابر کے شریک ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کی تصویر کے ساتھ پوسٹر شائع کیا گیا ہے جس میں وزیراعظم کا جموں و کشمیر کے لیے ہر سطح پر ہر قسم کا تعاون کریں گے، کا پیغام شائع کیا گیا ہے۔
