Input your search keywords and press Enter.

ہندوستانی جارحیت کشمیریوں کی جذبہ حریت کو ختم نہیں کر سکی،سردارمسعود

اسلام آباد:صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ73سالوں پر مبنی ہندوستانی جارحیت کشمیریوں کی جذبہ حریت کو ختم نہیں کر سکی  اور کشمیری آج بھی پورے ولولے اور جوش سے اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری دنیا کے سب سے دلیر لوگ ہیں اس لئے ہم سب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو بچائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے اس پار ہم آزاد ہیں لیکن کشمیر کے اس پار ہمارے بھائی اور بہنیں ہندوستان کی ظلم و ستم کی چکی میں پس رہے ہیں اور ہم انہیں ہندوستان کی رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسز غزالہ حبیب ، چئیر پرسن فرینڈز آف کشمیر امریکہ کی کتاب “لامکان”کی تقریب رونمائی سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا اس تقریب سے سپیکر آزادکشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر، سابق وزیر مملکت ڈاکٹر امجد ، سنئیر صحافی اور تجزیہ نگار   مظہر برلاس ،نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم ، سابق صدر پی -ایف -یو-جے افضل بٹ اور نامور شاعر رونق حیات نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر آزادکشمیر نے کشمیر کاز کو دنیا میں اور بلخصوص امریکہ میں اجاگر کرنے پر فرینڈز آف کشمیر اور مسز غزالہ حبیب کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ غزالہ حبیب نے امریکی سول سوسائٹی اور امریکی کانگریس کے رہنمائوں کے سامنے کشمیریوں کے مقدمے کو ہمیشہ موثر طریقے سے اجاگر کیا ۔ صدر نے کہا کہ ہماری تارکین وطن برادری نے ہمیشہ بڑے جاندار طریقے سے بیرون ممالک میں کشمیر کا مقدمہ لڑا ۔ سردار مسعود خان نے نیشنل پریس کلب ، اسلام آباد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کلب ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں سرگرم عمل رہا ۔

صدر مسعود نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کشمیر ی 1947سے لے کر آج تک ہندوستانی تسلط سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں ۔ ہندوستان نے انہیں آزادی کی جدوجہد سے باز رکھنے کے لئے مختلف حربے اور ہتھکنڈے استعمال کئے ۔ کبھی انہیں معاشی لالچ دیا گیا اور کبھی اقدار کی آفر کی گئی اور پھر طاقت کا بے جا استعمال کر کے ان پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے لیکن کشمیر ی اپنی جدوجہد میں ثابت قدم رہے اور وہ پورے ولولے کے ساتھ آج بھی اپنی تحریک حریت کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں ۔ وہ آج بھی پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کرتے ہیں ۔صدر مسعود نے کہا کہ ہمیں سفارتی اور سیاسی کاوشوں کے ساتھ ساتھ اس تحریک کو دنیا کے عام لوگوں کی تحریک اور عالمی شہری حقوق کی تحریک میں بدلنا ہو گا  تاکہ دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑا جا سکے

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے