کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی جانب سے اپنی سرکاری رائفل سے خود کشی کا سلسلہ جاری ہے، جنت نظیر وادی کے ضلع گاندربال کے علاقے کانگن کے فوجی اڈے میں بھارتی فوج کے ایک اہلکار نے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جب گولی چلنے کی آواز سن کر اس کے دوسرے فوجی ساتھی جائے وقوع پر پہنچے تو انہوں نے اہلکار کو خون میں لت پت پایا جبکہ اس کی سرکاری رائفل پاس ہی پڑی تھی، بھارتی فوج کے اہلکاروں نے خون میں لت پت اپنے ساتھی کو فوراً ہسپتال پہنچایا تو ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔
دوسری جانب کشمیر پولیس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اہلکار کی جانب سے خود کشی کی وجہ کا ابھی تک تعین نہیں کیا جا سکا جب کہ ضروری کارروائی کرنے کے بعد اہلکار کی لاش اس کے لواحقین کے حوالے کردی جائے گی، بھارتی فوج کے جس اہلکار نے خودکشی کی ہے اس کی شناخت بھی صیغہ راز میں رکھی گئی ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی فوج کے اہلکاروں کی جانب سے جنوری 2007 سے ذہنی دباؤ کی وجہ سے خودکشیوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، اپنی سرکاری رائفل سے خودکشی کرنے والے بھارتی فوج کے اہلکاروں کی تعداد 475 تک پہنچ چکی ہے۔
