وٹفورڈ ( نمائندہ جنگ) ممتاز کشمیر ی رہنما ہائوس آف لارڈ کےرکن لارڈ قربان حسین نے وٹفورڈ کمیونٹیرہنمائوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں حکومت پاکستان کا دلی ممنون ہوں کہ مجھے قومی خدمات کے عوض پاکستان کے قومی امتیازی نشان ستارہ قائد اعظم محمد علی جناح سے نوازا گیا ۔یہ اعزاز حاصل کرنا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے ۔انہوں نے کہا بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح صرف پاکستان کے نہیں بلکہ برصغیر جنوبی ایشیاء کی قابل احترام شخصیت تھے ۔ ان کی قابلیت اور ذہانت کو گورے بھی تسلیم کرتے ہیں ۔ انہوں نے قلم کی زبان سے عظیم ملک پاکستان حاصل کیا ۔ ہم سب پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ پاکستان کی حفاظت اس کی سالمیت کے تحفظ کیلئے اتحاد و اتفاق اور نظم پیدا کریں ۔ لارڈ قربان حسین نے وٹفورڈ کمیونٹی رہنمائوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا مسئلہ کشمیر دوطرفہ مسئلہ نہیں بلکہ یہ کشمیر یوں کے بقاء و حق خودارادیت کا مسئلہ ہے۔ یہ کوئی سرحدی تنازع نہیں ہے۔لارڈ قربان حسین نےکہا مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی
سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت اس مسئلہ کو دو طرفہ بنا کر پیش کر تا ہے۔ بھارت کے اس موقف کو اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری مسترد کر چکی ہے ۔ انہوں نے کہا یہ بات انتہائی حوصلہ افزاہے کہ پاکستان کےوزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کرنے کے لئے متحد ہوکر کا م کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لندن میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر نفیس ذکریا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے جد وجہد کرتے رہے۔ان کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ اس موقع پر عوامی مسلم لیگ کےسینئر نائب صدر چوہدری منیر نے لارڈ قربان حسین کو پاکستان کا قومی نشان ستارہ قائد اعظم محمد علی جناح حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا یہ آپ کی مسئلہ کشمیر پر کشمیر ی عوام کی حق خودارادیت کی حمایت اور برطانیہ میںکمیونٹی کی خدمات کا قومی اعزاز ہے ۔ اس موقع پر کونسلر عمران حمید ملک نے بھی مبارکباد پیش کی ۔
