لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – این این آئی۔ 08 نومبر2020ء) نیشنل یوتھ امپاورمنٹ پاکستان کشمیر کے سی ای او رانا مظفر نے کہاکہ خطے میں امن اور خوشحالی مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر ممکن نہیں،بھارت، پاکستان اورکشمیر سفارتکاری اور مکالمے کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا پرامن اور پائیدار حل تلاش کریں،کشمیری عوام کی حق خود ارادیت سے محرومی عالمی برادری کی ناکامی ہے۔ ان خیالات کااظہارانہو ں نے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود سے ملنے والے نیشنل یوتھ امپاورمنٹ کے و فد سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا۔ انہو ں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کا حل نکالا جائے، جنت نظیر وادی میں آزادی کا سورج طلوع ہو کر رہے گا، کشمیر شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے۔ لیکن ہم مسئلے کا پرامن حال چاہتے ہیں۔
انہو ں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بہن،بھائی، بچے اور بزرگ، عورتیں اور مرد سب مقید ہیں۔ ان پر ہندوستان کی قابض اور غاصب افواج بدترین مظالم ڈھا رہی ہیں۔ہم قائدین حریت جناب سید علی شاہ گیلانی ، میر واعظ محمد عمر فاروق ، یاسین ملک ، شبیر شاہ ، مسرت عالم اور محترمہ آسیہ اندرابی کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ جو نظر بندی کی صعوبتوں کے باوجود آزادی کی مشعل مضبوطی سے تھامے ہوئے ہیں۔
