سرینگر(این این آئی)مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اتوار کو بارہمولہ، پونچھ اور پلوامہ اضلاع میں بڑے پیمانے پر محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کی کارروائیاں کیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور سپیشل آپریشن گروپ کی مشترکہ ٹیموں نے سوپور کے علاقے وارپورہ اور مینڈھر کے متعدد گاؤں کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی لی۔ فوجیوں نے پلوامہ کے علاقے چھت پورہ میں ایک کارروائی کے دوران حریت کارکن نثاراحمد راتھرسمیت دو افراد کو گرفتار کیا۔ بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے اہلکاروں نے بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں کی مدد سے اتوار کو سرینگر اور اسلام آباد اضلاع میں متعدد مقامات پرچھاپے مارے۔ تحقیقات ایجنسی نے زرعی صنعت، شہری تعمیرات اور رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے وابستہ سرینگر میں چھ اور اسلام آباد میں ایک مقامی تاجر کے دفتر پر چھاپے مارے۔ امورکشمیر کے ماہرین نے بڑھتے ہوئے چھاپوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مقامی تاجروں کو تنگ کرنے کا مقصد ان کی حوصلہ شکنی کرکے بھارت کے ہندو تاجروں کے لئے علاقے میں داخلے کی راہ ہموار کرنا ہے۔دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں حق خودارادیت کے بارے میں قرار داد پیش کرنے پر پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام سے کیاگیااپنا وعدہ پورا کرے۔یہ قرارداد اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے پیش کی تھی اور 71 ممالک کے مندوبین نے اس کی حمایت کی تھی۔
