لاہور(خصوصی رپورٹر)جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل برطانیہ کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیرجنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی شدید خلا ف ورزیوں میں ملوث بھارت کے خلاف اقدام اٹھانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے دورہ کشمیرسنٹر لاہور کے موقع پر منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم‘یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان کے صدر عبید قریشی اور تابش عباسی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈائریکٹر جنرل جموں وکشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی، اے ڈی انعام الحسن اور اسٹنٹ سینٹر راجہ ندیم سرور نے ان کا خیر مقدم کیا اور انہیں کشمیر سینٹر ریسرچ ونگ لاہورکی سر گرمیوں سے متعلق بریف کیا۔ ڈی جی فدا حسین کیانی نے اس موقع پر کہا کہ جموں وکشمیر لبریشن سیل وزیر اعظم ریاست راجہ محمد فاروق حیدر خان کے وثرن کے مطابق مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کے لئے موثر انداز میں کام کر رہا ہے۔ نوجوانوں میں مسئلہ کشمیر کی آگاہی کے لئے آزاد کشمیر کے کالجز یونیوسرٹیزکی سطح پر تقریری مقابلوں کا اہتمام ہر سال باقاعدگی سے کیا جاتا ہے۔
ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کام کرنے والی تنظیموں کے ساتھ اشتراک سے مختلف سیمنارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود اس ادارے کے ساتھ منسلک رہ چکے ہیں، یہ ادارہ تحریک آزادی کشمیر کے لئے بہت افادیت اور اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا جو جموں وکشمیر لبریشن سیل کو فعال اور موثر بنانے کے لئے انہوں نے کی ہیں۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ مستقبل میں ان کی تنظیم جموں وکشمیر لبریشن سیل کے ساتھ مل کر ملکی اورعالمی سطح پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور تعاون جاری رکھے گی اور ایک دوسرے کے اشتراک سے کشمیریوں کی جدوجہد کو اجاگر کرنے لئے کام کیا جائے گا۔
