ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) انسانی حقوق کا عالمی دن منانے کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ ٹنڈوالہٰیار کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عبدالحفیظ لغاری کی زیر صدارت گورنمنٹ پراونشلائزڈ ہائی اسکول میں سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوالہٰیار سونو خان چانڈیو و دیگر تمام محکموں کے ضلعی افسران، بار ایسوسی ایشن کے نمائندگان، سول سوسائٹی، مختلف این جی اوز کے نمائندگان، انجمن تاجران کے نمائندہ، اساتذہ، معزز شہریوں اور مقامی صحافیوں نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عبدالحفیظ لغاری نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر ہم انسانی حقوق کی علمبردار عالمی تنظیموں کی توجہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام پر جاری ظلم و ستم کی جانب دلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت گزشتہ دو سال سے جس طرح سے کشمیریوں پر لاک ڈائون لگا کر ان کو قید کر کے بیٹھا ہے یہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے جس پر اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کیخلاف ایکشن لینا چاہیے اور کشمیریوں کو ان کے حقوق دلانے کے لیے کشمیر میں ریفرنڈم کرانا چاہیے تاکہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے جو کہ ان کا حق بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ہم سب ان پر کیے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کے انسانی حقوق پر بھارت کے جبری تسلط کیخلاف پاکستانی قوم نے ہمیشہ سے اپنی آواز بلند کی ہے اور کشمیری عوام نے اپنے حق کے حصول کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں اور انہیں یہ حق ملنا چاہیے کہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔
کشمیر میں مظالم پر اقوام متحدہ خاموش تماشائی ہے، عبدالحفیظ لغاری
