Input your search keywords and press Enter.

مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر کے دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھا رہے ہیں، وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر کے دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھا رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کو بھارتی فورسز شہید کررہی ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں خواتین کی حالت زار کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم انسانی حقوق کا عالمی دن منا رہے ہیں مگر کشمیریوں کے بنیادی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں۔ کشمیریوں کو مکمل طور پر محصور بنادیا گیا ہے۔ بھارت، جو دنیا کی بڑی جمہوریت کا دعویدار وہ امتیازی قوانین نافذ کررہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شدت پسندی روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔ تعلیم یافتہ اور یورپ جیسے مہذب معاشروں میں اس کا بڑھنا تشویشناک ہے۔ یہ امر قابل مذمت اور انتہائی تکلیف کا باعث ہے کہ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ کشمیر وہ جگہ ہے جہاں انسانی حقوق نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔ کشمیری ناقابل بیان جبر و استبداد کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ ایک بہت بڑا انسانی المیہ بن چکا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں عالمی قوانین، عالمی انسانی حقوق، عالمی قراردادوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ 1989ء سے اب تک 22 ہزار 917 خواتین بیوہ ہوچکی ہیں۔ 11 ہزار 214 خواتین کی آبروریزی کی گئی ایک لاکھ 7 ہزار 797 بچے یتیمی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ان کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔ بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیری خواتین کی بےحرمتی معمول بنتی جارہی ہے اور کالے قوانین کو نافذ کر کے کشمیریوں کو جبر و استبداد کا نشانہ بنا رہی ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ آزادی اظہارِ رائے عالمی انسانی حقوق کے منشور کا حصہ ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں کمیونیکیشن بلیک آؤٹ کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو مسلسل دبایا جا رہا ہے۔ 5 اگست 2019ء کے بعد یہ صورتحال مزید گھمبیر ہوچکی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوئی مائی کا لال کشمیر کا سودا کر کے زندہ نہیں رہ سکتا۔ کوئی خوددار شخص ایسا سوچ بھی نہیں سکتا۔ میں کشمیری عوام بالخصوص خواتین کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ میں عالمی برادری سے کہوں گا کہ وہ مظلوم کشمیری خواتین پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لیں اور بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم عالمی قوانین کی روشنی میں انسانیت کے خلاف جرائم ہیں۔ ان جرائم کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہیے۔ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انتہائی افسوسناک صورتحال عالمی سطح پر تسلیم شدہ انسانی حقوق اور اقدار کے منافی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں خواتین کے خلاف جرائم، مظالم اور انسانی حقوق کی درپیش صورتحال دنیا کا ضمیر جگانے کیلئے کافی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ عالمی برادری اس بربریت کو رکھوانے کیلئے اور کشمیریوں کو جبرو استبداد سے نجات دلانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔

Source

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے