جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر اور عوامی خدمت کے شاندار ریکارڈ کے ساتھ انتخابات میں موثر انداز سے حصہ لے گی ،جماعت اسلامی کے پاس امانتدار ،دیانتدار اور با صلاحیت ٹیم موجود ہے جو حالات کا دھارا بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے ،بیس کیمپ کی خوشحالی اور کشمیرکی آزادی کے سلوگن کے ساتھ میدان میں ہے ،جماعت اسلامی کے ہر سطح کے ذمہ دار اور کارکنان آمدہ انتخابات کو چیلنج سمجھتے ہوئے پوری قوت کے ساتھ
عوام تک پہنچیں ،عوام کو منظم کریں موثر افراد کو اپنے ساتھ شامل کریں تا کہ آزاد خطے میں حقیقی تبدیلی لاکر خطے کو اسلامی فلاحی ریاست بنایا جاسکے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جائزہ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ آزاد خطے کی دوہری حیثیت ہے ایک بقیہ کشمیر کی آزادی کے لیے کردار ادا کرنا اور دوسرا یہاں اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تا کہ عوامی مسائل حل ہوں جماعت اسلامی کو جہاں بھی جب بھی عوام کی خدمت کرنے کا موقع ملا بھرپور انداز سے عوام کی خدمت کی ،اسمبلی کے اندر اور اصلاح احوال کے حوالے سے جماعت اسلامی کا کردار روز روشن کی طرح عیاں ہے ،آزاد خطہ تمام تر انسانی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہے شرط یہ ہے کہ ان ذرائع اور وسائل کو درست انداز سے برئوے کار لایا جائے ،
آزاد خطے کا المیہ یہ رہا ہے کہ یہاں کے حکمرانوں نے اس طرف توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے آزاد خطہ سب وسائل ہونے کے باوجود پسماندہ ہے بے روزگاری کا طوفان ہے ،پڑھے لکھے نوجوان دنیا بھر میں ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں جماعت اسلامی حقیقی تبدیلی کے ایجنڈے کے ساتھ میدان میں ہے عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں تا کہ جماعت اسلامی کے لوگ اسمبلی میں پہنچ کر عوام کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر کے لیے فعال اور متحرک کردار ادا کرسکیں جماعت اسلامی کے پاس کشمیر کی آزادی کا روڈ میپ اور عوامی مسائل کے حل کا لائحہ عمل موجود ہے ۔
جماعت اسلامی تحریک آزادی کشمیر اور عوامی خدمت کے شاندار ریکارڈ کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی ڈاکٹر خالد محمود
