Input your search keywords and press Enter.

وزیراعظم عمران خان پر کشمیر بیچنے کا گھٹیا الزام عائد کرنے والوں کو  شرم آنی چاہئے ، سردار تنویر الیاس نے اپوزیشن کو خبردار کردیا

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی اور سرمایہ کاری بورڈ پنجاب کے چیئرمین سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو  وزیراعظم عمران خان پر کشمیر بیچنے کا گھٹیا الزام عائد کرنے پر شرم آنی چاہئے،مسلم لیگ ن کے”اشتہاری قائد”  نے تو بطور وزیراعظم سفیروں کو کشمیر پر بات کرنے سے ہی منع کر رکھا تھا ،اپوزیشن نے کشمیر پر اپنی گھٹیا سیاست اور وزیراعظم پر بہتان تراشی بند نہ کی تو کشمیری قوم ایسے عناصر کا سخت محاسبہ کرے گی، کشمیریوں کو  معلوم ہے کہ کس نے کشمیر کو فروخت کیا اور کس وزیراعظم نے کشمیریوں کی پوری دنیا میں ترجمانی کی ،عمران خان کو یہودی ایجنٹ کہنے والا کرپٹ مافیا اپنے دور اقتدار میں اسرائیل سے تعلقات بحال کرنے کے لئے مرا جا رہا تھا اور دو مرتبہ اسرائیل میں خفیہ وفد بھیج کرمذاکرات کرتے ہوئے قوم کی آنکھوں میں دھول جھوک چکا ہے،ملک میں اب کرپٹ مافیا  کے لئے کوئی جگہ نہیں،وزیراعظم عمران خان کے ویژن نے ملکی معیشت کو درست ٹریک پر ڈال دیا ہے ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ٹیم پنجاب میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے طویل مدتی پالیسیاں متعارف کرا رہی ہے،ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتوں کے ساتھ مکمل تحفظ فراہم کریں گے ۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف آزاد کشمیر کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اورقابض فوج کے مکروہ چہرے کو پوری دنیا میں وزیراعظم عمران خان نے بے نقاب کردیا ہے،ماضی میں کسی حکومت نے مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنےاتنی جرات کے ساتھ پیش نہیں کیا،لائن آف کنٹرول پر آئے روز بھارتی خلاف ورزیاں جاری ہیں تاہم پاک فوج کے جوان ہندوستانی سورماؤں کو منہ توڑ جواب دے رہے ہیں، وہ دن دور نہیں جب مظلوم کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دس سال سے زائد عرصہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے لیکن زبانی جمع خرچ کے علاوہ کشمیریوں کی کوئی خدمت نہیں کی لیکن آج جب وزیراعظم کشمیر کے وکیل بنے ہیں اور دنیا میں مودی سرکار کا بھیانک چہرہ بے نقاب کر رہے ہیں تو ان کے پیٹ میں مروڑ اٹھنے شروع ہو گئے ہیں ۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں لوگ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی دوغلی پالیسیوں سے تنگ آ چکے اور اب ان کی نظریں تحریک انصاف پر ہیں،آزاد کشمیر کے شہریوں کے تمام مسائل کا حل بھی تحریک انصاف کے دور اقتدار میں ہو گا اور اللہ کے فضل و کرم سے خطہ کشمیر پوری دنیا میں اپنی خوبصورتی کے لحاظ سے جگمگائے گا ۔    

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے