Input your search keywords and press Enter.

مقبوضہ کشمیر:فائرنگ سے نوجوان شہید،فوج پر بم حملہ

سرینگر(خبرایجنسیاں)بھارتی فوج نے کشمیری نوجوان کوگولی ما رکر شہید کردیا ، سکیورٹی فورسز پر دستی بم سے حملہ کیاگیا، ماں بیٹے کی لاشیں ہوٹل سے برآمد ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ظہیر عباس لون کو گزشتہ روزجنوبی کشمیر میں اننت ناگ ضلع کے گنڈبابا خلیل میں بھارتی فوج نے گولی مار کر زخمی کیااورپھر گرفتار کر لیا تھا۔ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ ظہیر عباس لون کو صدر ہسپتال سرینگر میں داخل کرادیا گیا،پلوامہ کا رہائشی ظہیر عباس لون جمعہ کو صدر ہسپتال سرینگر میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔ دریں اثنا اونتی پورہ کے کدل بل علاقے میں نا معلوم افراد نے بھارتی فورسز پر دستی بم سے حملہ کیا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جموں کے اکھنور علاقے میں ایک ہوٹل سے ماں اور بیٹے کی لاشیں ملی ہیں، دونوں کی موت پراسرار حالات میں ہوئی ۔ مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے )کے تحت کشمیری نوجوان کی قید کا حکم معطل کر کے رہا کرنے کا حکم دیا ہے ۔ ادھرایک بھارتی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کشمیری نوجوان بھارتی فوج کے اہلکاروں سے ہی ہتھیار خرید رہے ہیں،اخبارکاکہنا تھا کہ بھارت کی حریت پسندی روکنے کی کوئی حکمت عملی کامیاب نہیں ہو سکی۔ بدلتی صورت حال میں حریت پسند نئے طریقے اور حربے استعمال کررہے ہیں۔ ادھرپناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر آج کشمیرمیڈیا سروس کی جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تصفیہ طلب مسئلہ کشمیر کی وجہ سے 1947سے اب تک 35 لاکھ کشمیری مہاجرت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ گزشتہ 31برسوں کے دوران 40ہزار سے زائد کشمیریوں نے دنیا کے مختلف ممالک میں ہجرت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے