بھارت کی مسلسل ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے گزشتہ 31 برسوں کے دوران 40 ہزار سے زائد کشمیریوں نے ہجرت کی، عالمی برادری بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں ظلم و بربریت پر اپنی خاموشی توڑے۔
تفصیلات کے مطابق تصفیہ طلب مسئلہ کشمیر نے 1947ء سے اب تک 35 لاکھ کشمیریوں کو ہجرت پر مجبور کر دیا ہے۔ بھارت کی مسلسل ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے گزشتہ 31 برسوں کے دوران 40 ہزار سے زائد کشمیریوں نے ہجرت کی اور وہ مقبوضہ علاقے سے باہر مہاجرین اور پناہ گزینوں کی حیثیت سے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
اس ضمن میں پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک رپورٹ جاری کی گئی۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ بھارتی مظالم کی وجہ سے گزشتہ 7 دہائیوں سے زائد عرصے کے دوران ہزاروں کشمیریوں کو غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کو چھوڑ کر آزاد جموں وکشمیر، پاکستان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، امریکا، کینیڈا اوردیگر ممالک میں پناہ لینا پڑی۔
