مقبوضہ کشمیر میں درندہ صف بھارتی فورسز نے برہان وانی کے بعد ان کے جانشین کو بھی شہید کر دیا ہے جس کے بعد کشمیری آپے سے باہر ہو گئے ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق تازہ ترین کارروائی میں بھارتی فورسز نے شہید برہان وانی کے جانشین ریاض نائیکون کو بھی شہید کردیا ہے۔میڈیا کے مطابق پولیس نے حزب المجاہدین کے چالیس سالہ کمانڈر ریاض نائیکون کے سر پر بارہ لاکھ روپے کاانعام بھی رکھا ہواتھا۔اطلاعات کے مطابق ریاض نائیکون کو نام نہاد فرضی جھڑپ میں شہید کیاگیا۔صرف یہی نہیں بلکہ بھارتی فورسز اب کشمیریوں کو شہید کرنے کے بعد ان کے جسد خاکی تک ان کے اہلخانہ کو نہیں دیتی اور انہیں خود ہی ایک دوردراز قبرستان میں دفن کردیتی ہے اور اکثر اوقات ان کی شناخت بھی ظاہر نہیں کرتی۔مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے چالیس روز سے سخت لاک ڈاؤن جاری ہے اور اس لاک ڈاؤن کی آڑ میں فوجی آپریشنوں کو تیز کردیاگیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران اب تک 34 حریت پسندوں کو شہید کیا گیاہے۔ صرف رمضان کے پہلے عشرے میں نو کشمیریوں کو شہید کیاجاچکا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب وادی کے تمام اضلاع میں لوگ گھروں میں بند ہیں، فوج، پولیس اور نیم فوجی عملے کشمیریوں پر مظالم ڈھانے میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے لوگ اب کورونا سے زیادہ زمینی حالات سے خوفزدہ ہیں۔ کئی مبصرین کو لگتا تھا کہ کورونا کی وبائی صورتحال بدلتے ہی کشمیر میں حالات بہتر ہوجائیں گے لیکن حالیہ ہفتوں کے دوران بھارتی فورسز کی کارروائیوں نے ان اندازوں کی تردید کر دی ہے۔
