اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کو تقسیم نہیں کیا جاسکتا،حکومت پالیسی سازی میں کشمیریوں کو فرنٹ لائن پر رکھے،ہم نے اپنا مستقبل پاکستان سے وابستہ کر رکھا ہے۔وہ منگل کو یوم حق خودارادیت کے موقع پر مقامی ہوٹل میں سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جس میں چئیرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی سمیت دیگر کی شرکت کی۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں اپنا قبضہ مستحکم کرنا چاہتا ہے،پاکستان نے ہمیشہ کہا کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے۔فاروق حیدر نے کہا کہ ہندوستان نے غاصبانہ قبضہ کیا اور عوام کے حق آزادی کو سلب کیا،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کی تقسیم نہیں کی جاسکتی۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کیا ہے۔ یورپی یونین میں کشمیریوں کی محنت اور جدوجہد کے ثمرات ملے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک استعماری طاقت ہے ایسی طاقتیں قبضے نہیں چھوڑتیں۔وزیراعظم نے کہا کہ مودی انتہا پسند ہندوں کا نمائندہ ہے وہ ہندوستان کی توسیع چاہتا ہے ،ہندوستان کے ان عزائم کی راہ میں صرف پاکستان رکاوٹ ہے۔اقوام متحدہ کی قراردادوں کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں،کشمیر کو تقسیم نہیں کرنے دینگے ہم سارے پاکستان کے ساتھ جانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں کے لوگوں کی بھی پرانی منڈیاں پاکستان میں تھیں،پوری ریاست جموں و کشمیر کے تمام قدرتی راستے،پاکستان کے دریاوں کے منبع کشمیر میں ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر سے غیر مسلموں کو باہر نہیں نکال سکتے ان کے بھی اسٹیک ہیں ہم انہیں تحفظ فراہم کرینگے،ہندوستان طاقت کے بل بوتے پر کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف کشمیری کوئی پراکسی وار نہیں لڑرہے،ان کی جدوجہد حقیقی اور بنیادی حقوق کے لیے ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ 73 سالوں سے جاری پالیسی میں تبدیلی کی ضرورت ہے،دریائےسندھ،چناب،جہلم اورنیلم سب کا منبع کشمیر ہے
اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کیا ہے ،وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا تقریب سے خطاب
