سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم ۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے نہتے کشمیریوں کے خلاف بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی وحشیانہ کارروائیوں نے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کی پاداش میں بھارت ان پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے اگست 2019ء میں مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اپنے غیر قانونی اقدام کے بعد نہتے کشمیریوں پر جبر و استبداد کا سلسلہ تیز کر دیا اور وہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی ایک منصوبہ بند سازش پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے کے بارے میں اپنے جھوٹے بیانیے کے ذریعے عالمی برادری کو مسلسل گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم دنیا اس کے بیانیے کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہے اور وہ جموں و کشمیر کو بدستور ایک متنازعہ خطہ مانتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت اپنی جابرانہ پالیسیوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا، تنازعہ کشمیر ایک حقیقت ہے جس کے حل تک خطے میں پائیدار امن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ حریت کانفرنس کے ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جبر اور سیاسی ناانصافیوں کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اپنی پاس کر دہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔
حریت کانفرنس کا بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی پر اظہار تشویش
